کراچی: سندھ کے سینئر وزیرتعلیم نثارکھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک دھرنوں کے ذریعےاٹھاون ٹو بی لانا چاہتے ہیں جو ہم کسی صورت لانے نہیں دیں گے، کراچی میں سرکاری اسکول کی طالبات میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ماورائے آئین کوئی اقدام قبول نہیں کرینگے۔
عمران خان اور طاہر القادری کو غیرآئینی مطالبات لے کر عدالتوں میں نہیں جانا چاہئے،وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان میں مسائل کا مستقل حل فوج نہیں بلکہ آئین اور جمہوریت میں ہے انہوں نے کہا کہ ووٹوں سے بددیانتی او دھاندلی کے سب خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بقاء اورآئین کی پاسداری کیلئے کوڑے کھائے اور جیلیں بھری ہیں،
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ میں بیس ہزار اساتذہ کو بھرتی کرنا ہے جن میں سے گیارہ ہزار کو آفر لیٹر جاری کئے جاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ نجی موبائل نیٹ ورک کمپنی سے تین سال کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت سندھ میں چھٹی جماعت سے لیکردسویں جماعت تک کی چار لاکھ طالبات کو اے ٹی ایم کارڈ اور ایزی پیسہ کی سہولت کے ذریعے ایک ارب بیس کروڑ روپے وظیفوں کی شکل میں تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں طالبات کو سالانہ دوہزار پانچ سو جبکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں طالبات کو تین ہزار پانچ سو سالانہ دیئے جائیں گے، تقریب میں طالبات کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے وظیفے دیئے گئے۔