لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابی نتائج کے بعد عمران خان کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات واپس لے لینے چاہئیں۔
یہ باتیں انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے کوئی ثبوت جمع نہیں کرائے۔
ان کا مسئلہ یہ ہے کہ کسی کے ووٹ کو تسلیم ہی نہیں کرتے، عمران خان نے ہمارے خلاف قتل کے جھوٹے مقدمات بنوائے، خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھاکہ عمران خان نے اسمبلی کو جھوٹا اور جعلی کہا اور آج وہ خود اسمبلی میں آکر بیٹھ گئے۔
عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو پارلیمانی زبان سیکھنی چاہئیے،ان کو سمجھنا چاہئیے کہ سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سکھانا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم اس ذمہ داری کو پورا کرتے رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 246 کراچی میں عمران خان کو پتہ چل گیا کہ تبدیلی ووٹ سے ہی آتی ہے، کراچی میں عوامی عدالت کا نتیجہ سامنے آگیا۔