کراچی : شہرمیں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں خیبر چوک کے قریب فائرنگ سے امان شاہ نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے،صبح سویرے لسبیلہ پل کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا،
ذرائع کے مطابق رات گئے بہادرآد کے علاقے میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت محمد عیسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے دوسرے واقعے میں کورنگی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا،بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔
اورنگی ٹاون پیر آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرکے تفتیش کی جاری ہے۔