کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کی نگرانی میں کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر ایم کیوایم کے عہدیداروں،کارکنوں اورپارٹی سے وابستہ افرادکے شادی ہالز کومسمارکرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر ایم کیوایم سے وابستہ افرادکوخاص طورپر نشانہ بنارہے ہیں اوران شادی ہالزکوبھی مسمار کیا جارہا ہے جوگزشتہ 20سے 25سال حتیٰ کہ 30سال سے قانونی طورپرقائم ہیں۔
بلدیہ سے باقاعدہ قانونی طورپر حاصل کئے گئے ہیں اور جن کاکرایہ باقاعدہ طور پر بلدیہ کواداکیاجاتاہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میںبے شمارشادی ہالزقائم ہیں جن میں مختلف اداروںکی جانب سے قائم کئے گئے ہالزبھی شامل ہیں لیکن صوبائی وزیربلدیات شرجیل میمن کی نگرانی میں صرف ان شادی ہالزکوڈھونڈڈھونڈکرمسمارکیاجارہاہے جن کاکسی بھی طرح سے ایم کیوایم کے کسی ذمہ دار ، یا کارکن سے کوئی تعلق ہے ۔
حتیٰ کہ پرائیویٹ پراپرٹیزپربنے ہوئے ہال تک کوگرایاجارہاہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ کارروائی سراسرجانبدارانہ اور امتیازی طورپرکی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
صوبائی وزیربلدیات شرجیل میمن کی ہدایت پرآج نارتھ ناظم آبادمیں ایم کیوایم کے سابق سینیٹربابرغوری کے فلورینس گارڈن کوبھی گرادیاگیا جس کیلئے جگہ 29سال قبل باقاعدہ قانونی طورپر حاصل کی گئی تھی اور اس شادی ہال کاہرسال باقاعدہ انکم ٹیکس ادا کیاجاتاہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کسی بھی جگہ کارروائی کیلئے پہلے سے کوئی نوٹس نہیں دیاجارہاہے بلکہ اچانک کارروائی کی جارہی ہے اور شادی ہالز کے مالکان کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ اورتقریبات کیلئے بکنگ کرانے والے شہریوں کے ساتھ بھی کھلی زیادتی کی جارہی ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں تجاوزات کی بھرمار ہے،سینکڑوںغیرقانونی بستیاں آبادہیں جومنشیات،اسلحہ ،جرائم پیشہ عناصر اورغیرقانونی اسلحہ کاگڑھ بنے ہوئے ہیں جہاں طالبان کاقبضہ ہے، اندرون سندھ بلدیاتی نظام تباہ وبرباد ہوچکاہے لیکن شرجیل میمن کویہ سب کچھ نظرنہیں آرہاہے، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
اہوں نے کہا کہ خاص طورپرایم کیوایم کے ذمہ داروں اورکارکنوںکے شادی ہالزکونشانہ بنایا جارہا ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ کراچی کی سڑکوںاورفٹ پاتھوںپر اربوںروپے کی رشوت لے کرسائن بورڈ اوربل بورڈزکاجنگل کس نے قائم کیاہے اور اس سے حاصل ہونے والی اربوں روپے کی رشوت کہاں جارہی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر یہ انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اورجن لوگوں کے نقصانات ہوئے ہیں ان کے نقصانات کاازالہ کیاجائے۔