ڈھاکہ : کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کو دینے کے تنازعہ پر بنگلہ دیش کے مصطفی کمال نے آئی سی سی کی صدارت سے استعفی دے دیا۔ بنگلہ دیش اور آئی سی سی آمنے سامنے آگئے۔ لڑائی شدت اختیار کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیں۔ بنگلہ دیش کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی مصطفی کمال نے آئی سی سی پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔
مصطفی کمال نے آئی سی سی میں ہونے والے بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کردیا۔ کہتے ہیں آئی سی سی میں بھارت کا کنٹرول ہے۔ بھارت ہر معاملے پراپنی من مانی کرتا ہے۔
کرکٹ کا نظام بدعنوان لوگ چلارہے ہیں۔ ایسا چلتا رہا تو کرکٹ تباہ ہوجائے گی۔ آئی سی سی میں صدر کا عہدہ رسمی ہے۔ سارے اختیارات چئیرمین کے پاس ہیں۔
ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دینے کا استحقاق میرا تھا جو سری نواسن نے چھینا۔ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ حتمی ہے۔ مصطفیٰ کمال کی جگہ اب پاکستان کے نجم سیٹھی آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔