کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی امن وامان کو خراب کرنے کیلئے بہت سی طاقتیں سرگرم ہیں جبکہ حکومت کی جانب سے صوبے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
کوئٹہ میں میرغفاررند کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال سابقہ دور حکومت سے بہتر ہے عوام فیصلہ کریگی کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریکورڈک سے متعلق عوام کواعتماد میں لیا جائے گا، فیصلوں سے متعلق تمام تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت ہے، ٹکراوٴ کی فضاء قائم نہیں ہونے دینگے، مسلم لیگ ن کے دوست مثبت سوچ رکھنے والے ہیں ، مطمئن نہیں ہوا تو اسمبلی توڑنے کی بجائے استعفیٰ دے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے میرغفاررند کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کو خوش آئندہ قرار دیا نیشنل پارٹی صوبے اورملک بھر مقبولیت حاصل کررہی ہے۔