اسلام آباد: ترجمان نادر ا نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کے ا حکامات کے تابع ہے، انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا پوراعمل نیک نیتی سے بغیر کسی کی خوشنودی یا خوف کے جاری ہے۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نادرا کو غیر ضروری دباوٴ میں لانے اور عدا لتی معاملات پر اثر اندازہونے سے اجتناب کرے۔نادرا انگوٹھوں کی تصدیق پر مبنی انتیس حلقوں کی رپورٹ متعلقہ الیکشن ٹر بیو نلز میں جمع کراچکا ہے، نادرا نے الیکشن ٹربیونلز کے جج کی موجودگی میں انگوٹھوں کی تصدیق پر مبنی رپورٹ کا نہ صرف دفاع کیا بلکہ درخواست گزار نے بھی اس پر تسلی کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ نادرا کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ حتمی فیصلہ نہیں ہے بلکہ صرف حقائق کی نشاندہی ہے، اس رپورٹ میں کسی امیدوار کو نہ تو ذمہ دار ٹہرایا گیا ہے اور نہ کسی کو بری الذمہ قرار دیا گیا ہے، حتمی فیصلہ کرنا الیکشن ٹربیونل کے دائرہ اختیار میں ہی ہے، الیکشن ٹربیونل قانون کے تحت نادرا کی رپورٹ یا کسی اور شہادت یا ثبوت کو مدنظررکھ کے کوئی نتیجہ اخذ کرے، نادرا ایک بین الاقوامی شہرت کا حامل ادارہ ہے جس نے ہر میدان میں اپنی شفافیت برقرار رکھی ہے۔