نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت اٹھاون رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔ نیلسن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس نیوزی لینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کیوی ٹاپ آرڈر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر دو سو پچیاسی رنز تک پہنچادیا۔ مارٹن گپتل نے اکیاسی رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جیسے رائڈر اور ولیمسن نے سینتالیس سینتالیس رنز اسکور کئے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنرز کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز نے تینتیس اعشاریہ چار اوورز میں پانچ وکٹوں پر ایک سو چونتیس رنزبنائے تھے کہ میچ بارش کے سبب روک دیا گیا۔ کھیل دوبارہ شروع نہ ہوا اور نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت اٹھاون رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔