ممبئی : بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ اور سہ ملکی سیریز کے لئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ یووراج سنگھ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے، نیوزی لینڈ اورآسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد ورلڈ کپ کرکٹ کے میگا ایونٹ کے لئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
ٹیم کی قیادت مہیندر سنگھ دھونی کریں گے۔ ویرات کوہلی ان کے نائب ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اجنکیا رہانے، شیکھر دھون، روہت شرما، اسٹورٹ بنی، سریش رائنا، رویندر جڈیجا، امباتی رائڈو، اکزر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، محمد شامی، یومیش یادو اور ایشانت شرما شامل ہیں۔
تجربہ کار بیٹسمین یووراج سنگھ ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ایونٹ میں بھارت اپنا پہلا میچ پندرہ فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔