کرائسٹ چرچ : کرکٹ ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی نے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان کو گروپ کے تمام میچز جیتنا لازمی ہوگئے۔
کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے میں شاہینوں کی ناقص پرفارمنس نے پوری قوم کو مایوس کردیا ہے، پہلے بھارت اور بھر ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست نے پاکستان کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
ابتدائی دو میچز گرین شرٹس کو صرف شکست ہی نہیں ہوئی بلکہ شرمناک شکست ہوئی، بھارت نے چہتر رنز سے ڈبا گول کیا تو ویسٹ انڈیز نے ایک سو پچاس رنز سے بڑے مارجن سے زیر کیا۔
دونوں میچز میں شرمناک شکست نے پاکستان کو پول بی میں سب سے آخری نمبر پر بھیج دیا ہے، قومی ٹیم منفی دو اعشاریہ دو چھ کی نیٹ رن ریٹ سے یو اے ای اور زمبابوے جیسی کمزور ٹیموں سے بھی پیچھے ہے۔
عالمی کپ میں رہنے اور کوارٹر فائنل کی امیدیں زندہ رکھنے کیلئے پاکستان کو اگلے چاروں میچز جیتنا ضروری ہے، اور صرف جیتنا ہی نہیں بلکہ شاہینوں کو بڑے مارجن سے فتح درکار ہوگی۔
چار میچز میں فتح نصیب ہوئی تو پاکستان باآسانی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائے گا، ایک اور شکست قومی ٹیم کیلئے اگر اور مگر کی صورت حال پیدا کردے گی۔