لاہور: سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہتے ھیں لیکن انہیں ضمانت چاہیئے کہ انہیں کتنے میچز اور کس طرح کھلایا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اپنے دو سو سولہ ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ڈیڑھ سال قبل کھیلے تھے، ورلڈ کپ سے پہلے وہ ایک بار پھر پاکستان کی نمائندگی کے خواہاں ہیں اور اسکے لئے آسٹریلیا کی بگ بیش بھی چھوڑنے کو تیار ہیں۔
شعیب ملک کا ماننا ہے کہ وہ دو ہزار پندرہ کے عالمی کپ کے بعد بھی پاکستان کرکٹ اور نوجوان کرکٹرز کی مدد کرسکتے ہیں۔
شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم سعید اجمل اور محمد حفیظ کے ایکشن کے مسائل کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے اور بیٹنگ بھی غیر معمولی نہیں۔
شعیب ملک ورلڈ کپ کھیل سکیں گے یا نہیں اسکا فیصلہ سات جنوری کو ہوگا جب سلیکٹرز حتمی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کریں گے۔