لاہور: ورلڈ کپ کے لئے پندرہ رکنی حتمی اسکواڈ میں کون کون شامل ہوگا۔ٹیم کے انتخاب کےلئے سلیکٹرز نے مشاورت شروع کردی ہے۔ورلڈ کپ کے لئے آئی سی سی کو حتمی کھلاڑیوں کی فہرست بھجوانے کی آخری تاریخ سات جنوری ہے۔
پی سی بی نے پندرہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے مشاورت تیز کردی ہے۔ نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شکست نے سلیکشن کمیٹی کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
اسد شفیق سمیت کئی کھلاڑی کیویز کے خلاف خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ کھلاڑیوں کی انجری اور پابندی نے پی سی بی کی پریشانی میں اور بھی اضافہ کردیا ہے۔
ٹیم کا انتخاب بورڈ کے لئے چیلنج بن گیا گیا ہے۔ مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل پر پابندی بورڈ کے لئے سب سے بڑا دھچکا ہے۔ادھر حفیظ کے بولنگ کرنے پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
ایسے میں نوجوان لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔ کچھ کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے پینٹاگولر کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں لیا جائے گا جس کے بعد ہی حتمی ٹیم کا اعلان ہوگا۔