کراچی : کپتان عمران خان کی حمایت میں انیس سو بانوے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی بھی میدان میں کود پڑے۔ سوئنگ کے بادشاہ وسیم اکرم اور لیجنڈ کرکٹرجاوید میانداد نے بھی آزادی مارچ پر عمران خان کی حمایت کی ہے۔ میدان بدل گیا لیکن شہسوار وہی رہا۔ جو جذبہ انیس سو بانوے کے عالمی کپ میں عمران خان کے اندر موجود تھا آج بھی وہی جذبہ برقرار ہے۔
حریفوں کی وکٹیں گرانے کے لئے کپتان نے کمر کس لی ہے۔ سیاست کے میدان میں کپتان ناکام نہ ہوں اس کے لئے پرانے وقتوں کے ساتھی ایک بار پھر سے اکٹھا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان کو عالمی چیمپئین بنانے والی ٹیم میں شامل کھلاڑی عمران خان کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔
سوئنگ کے بادشاہ وسیم اکرم نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کو لیڈر قرار دیا۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے لیڈر لیڈر ہوتا ہے عمران خان ٹائیگر ہیں، آپ سلامت رہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
ٹوئٹ لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد بھی عمران خان کے حمایتی نکلے۔ادھر شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کپتان کے ساتھ ہیں۔ بائیس سال قبل تو عمران خان نے میدان مارلیا تھا اب دیکھنا یہ ہے کہ کپتان کی موجودہ ٹیم کے کھلاڑی کس طرح کی پرفارمنس دینے میں کامیاب ہوتے ہیں۔