اسلام آباد : امریکی روزنامہ دی واشنگٹن پوسٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے غربت مٹاؤ پروگرام مرغیاں پالنے کے منصوبے کو قابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریب گھرانوں کو فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا غربت مٹاؤ پروگرام عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکزبن گیا، بل گیٹس کے بعد عمران خان کے مرغیاں پالنے کے منصوبے کی عالمی میڈیا میں پذیرائی مل گئی۔
مرغیاں پالنے کے منصوبے پر واشنگٹن پوسٹ نے آرٹیکل شائع کردیا، واشنگٹن پوسٹ میں مرغیاں پالنے کے منصوبے کی تعریف کی گئی ہے۔
اخبار کے آرٹیکل میں بتایا گیا ہے کہ غریب اور ورکنگ کلاس نے عمران خان کے منصوبے پرخوشی کا اظہار کیا ہے، مرغیاں فراہم کرنے کا مقصد غریب گھرانوں کو آمدنی فراہم کرنا ہے اور غریب لوگ اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مضمون کے مطابق غریب اور ورکنگ کلاس کے بعد خوشحال خاندانوں نے بھی وزیراعظم کی جانب سے غریبوں کی حالت بہتر بنانے کے اقدام کو ترجیح دینا قابل تعریف اقدام قرار دیا ہے۔
مرغیاں فراہم کرنے کے منصوبے کا مقصد غریب خاندانوں کوآمدنی کا ذریعہ مہیا کرنا ہے، واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ بہت سے غریب گھرانے اس منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اس کے علاوہ شہری گھرانے بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتیس نومبر کو ایک تقریب میں غربت مٹاؤ پروگرام کا اعلان کیا تھا، اس پروگرام کے تحت خصوصاً دیہی خواتین کو بارہ سو روپے کی عوض پانچ مرغیاں اورایک مرغا فراہم کیا جائے گا۔
مذکورہ منصوبے سے دیہی خواتین مرغیوں سے حاصل ہونے والے انڈوں کی فروخت سے گھربیٹھے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں گی۔