دبئی : پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ گرین شرٹس مختصر طرز کی کرکٹ میں فتوحات کی نصف سنچری مکمل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔دبئی کا میدان پاکستان کے نام رہا۔
شاہینوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسے ہرا کر فتوحات کی نصف سینچری مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مختصر طرز کے فارمیٹ میں پاکستان نے اب تک چوراسی میچز کھیلے پچاس جیتے۔بتیس میں شکست ہوئی۔
گرین شرٹس نے آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو سب سے زیادہ سات سات مرتبہ زیر کیا۔ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف پانچ پانچ، انگلینڈ کو تین اور ویسٹ انڈیز کو دو میچز میں دھول چٹائی۔پاکستان کے بعد جنوبی افریقہ تینتالیس کامیابیوں کے ساتھ اس فارمیٹ کی بہترین ٹیم ہے۔ سری لنکا نے بیالیس اور انگلینڈ نے چالیس میچز میں حریفوں کو قابو کیا۔