ڈھاکہ : پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش کیخلاف آؤٹ کلاس ہونے کے بعد رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر آگئی ہے، رینکنگ میں تنزلی کا سلسلہ برقرار رہا تو گرین شرٹس عالمی ٹورنامنٹس سے باہر ہو جائیگی۔
بنگلہ دیش سے سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان ون ڈے رینکنگ ساتویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا، یہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی بد ترین پوزیشن ہے۔
اب مشکلات کا سفر بھی شروع ہوگیا، پاکستان ٹیم کو ہر حال میں رینکنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، گرین شرٹس ستمبر دوہزار پندرہ تک اگر آٹھویں نمبر سے نیچے گئے تو چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں شرکت کا خواب پورا نہ ہوسکے گا۔
یہی صورتحال ورلڈ کپ دوہزار انیس کیلئے بھی ہے، ٹاپ ایٹ میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے تو پھر ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راونڈکھیلنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا، پاکستان ٹیم پر وقت کھٹن ہے اور سفر طویل ہے۔