لاہور : پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاک بھارت ممکنہ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق کیریبئین ٹی ٹوئنٹی پریمیئر لیگ میں مصروف ہیں اور انھوں نے بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ رواں سال کے آخر میں ہونے والی پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل کچھ ٹیسٹ میچز کھیلنا چاہتے ہیں۔ اگر پاک بھارت سیریز ہوئی تو وہ کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز ثابت ہوسکتی ہے۔
اکتالیس سالہ ٹیسٹ کرکٹر پہلے ہی مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیساتھ ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوچکے ہیں۔