اسلام آباد : پاکستان انسٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے زچہ و بچہ وارڈ سے اغوا ہونے والے نو مولود کے لواحقین نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے علی پور فراش کے رہائشی ضیاء اللہ کے ہاں گزشتہ شب جنم لینے والے نو مولود کو علی الصبح نامعلوم افراد نے پمز کے زچہ بچہ وارڈ سے اغوا کر لیا۔
لواحقین نے بچے کے اغوا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فیصل ایونیو بلاک کیا اورمطالبہ کیا کہ بچے کو بازیاب کروانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مسلم لیگ ن کے ایم این ا ے طارق فضل چوہدری نے انتظامیہ اور لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کروایا،ان کاکہناتھاکہ واقعہ کے حوالے سے محکمانہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹرعابد فاروقی کی سربراہی میں چھ رکنی ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور بہتر گھنٹوں میں رپورٹ پیش کی جائے گی واقعہ کی ایف آئی آر بھی تھانہ مارگلہ میں درج کر لی گئی ہے۔