اسلام آباد: پمز اسپتال میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے ماہر امراض قلب شدید زخمی ہوگئے۔
پمز اسپتال میں تعینات ماہر امراض قلب ڈاکٹر شاہد نواز مریضوں کے معائنے کے بعد عمارت سے باہر ہی نکلے تھے کہ ایک شخص ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔
ڈاکٹر شاہد نواز کو فوری طور پر سرجیکل وارڈ کے شعبہ انتہائی نگہداشت میں منتقل کرکے علاج شروع کردیا گیا۔
- Advertisement -
ترجمان پمز اسپتال کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہد نواز کو سینے اور سر کے بائیں جانب گولیاں لگی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے تاہم ان کی زندگی بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد رینجرز نے اسپتال کے تمام دروازے بند کرکے سیکیورٹی کو سخت کردیا ہے جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے ہیں۔