کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرحکومت کو عوامی رد عمل کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کی جانب سے کڑی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سیاسی رہنماؤں نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کو عوام کے ساتھ ظلم قراردیا ہے ۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمت کم ہوئی توحکومت نےجی ایس ٹی عائد کردی۔
خورشید شاہ نےکہا کہ حکومت ہرطرف سےپیسےبٹورنےکےچکرمیں ہے۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ دینے کےبجائے قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت جنگی بنیادوں پرپیٹرول بحران کے خاتمے کیلئے اقدام کرے ورنہ عوام احتجاجاً سڑکوں پرہونگے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قیمتوں میں اضافے کاکوئی جواز نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔مہنگائی کے مارے عوام قیمتوں کے مزید بڑھنے سے خوف زدہ ہو گئے ہیں۔
عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوا تو عوام ریلیف نہ ملا مگر پیٹرول کی قیمت بڑھی تو عوام پر مہنگائی بڑھنے کا خوف منڈلانے لگا۔ مہنگائی سے پریشان عوام پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت پر برس پڑے۔
کسی نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرایا تو کسی نے یمن میں جاری خانہ جنگی کو الزام دیا،بے بس عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سراسر ظلم قرار دیدیا۔ مہنگائی سے پریشان عوام کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں نا کام رہی ہے اور پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔