کراچی : پٹرولیم مصنوعات سستی ہوتے ہی کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں پیٹرول پمپوں سے پیٹرول غائب کردیا گیاہے۔عوام کو ریلیف یا حکومتی شعبدہ بازی؟
تفصیلات کے مطابق پٹرول سستا تو ہوگیا لیکن اب ملے گا یا نہیں اس کا کچھ پتہ نہیں۔کیوں کہ قیمتوں میں کمی ہوتے ہی پیٹرول پمپس مالکان نے پیٹرول کو غائب کر دیا ہے۔
کراچی سمیت متعدد شہروں میں پیٹرول کی کمی کا اعلان سن کر عوام خوشی خوشی گھر سے نکلے لیکن ان کے ارمانوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب شہر کے متعدد پیٹرول پمپوں نے پٹرول دینے سے انکار کر دیا۔
کوئی پیٹرول کے لئے در بدر پھرتا رہا تو جہاں پٹرول ملا وہاں لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔عوام کا کہنا ہے کہ پٹرول سستا ہونے کے باوجود عوام کی پریشانی کم نہ ہوئی۔ اور نہ ہی کوئی ریلیف ملا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً پینتالیس فیصد کمی کے باوجود اب تک اشیاء خوردونوش کے نرخ جوں کے تُوں ہیں۔ اس سلسلے اب تک حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔