کراچی: سلطان آباد میں ایک سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی گئی، خیبر پختونخواہ کے کئی اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔
انسداد پولیو سیل کے مطابق سلطان آباد میں سال بھر کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد کراچی میں پولیو کیسز کی تعداد آٹھ ہو گئی، انسداد پولیو سیل کا کہنا ہے کہ رواں سال سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد نو ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں پولیو کے ننانوے کیسز اب تک سامنے آ چکے ہیں ۔
امن و امان اور دیگر مسائل کے باعث انسداد پولیو مہم کے متاثر ہونے کے باعث پولیو کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی میں کل انسداد پولیو مہم ملتوی کر دی گئی تھی۔
ادھر خیبر پختونخواہ کے اضلاع بنوں، لکی مروت، ٹانک، کرک اور ہنگو میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، مہم کے دوران پانچ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کے لیے چار ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں، جن میں سے بیشتر آئی ڈی پیز کیمپس میں کام کریں گی ۔