کراچی: شہرِ قائد کے علاقے مومن آباد میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے جبکہ گلزار ہجری اور منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلوں میں چھ ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے رکشہ پر فائرنگ کردی، جس سے خاتون جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے، منگھو پیر نادرن بائی پاس کے قریب پولیس موبائل نے موٹر سائیکل سوار دو مشتبہ افراد کو روکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دنوں ملزمان ہلاک ہوگئے جن کی شناخت وسیم عرف بابر اور احسان عرف شاہ رخ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے، ملزمان کیخلاف شہر کے مختلف پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ملزمان اے این پی کے مقامی رہنما ڈاکٹرضیاء الدین کے قتل میں بھی ملوث تھے ،گلزار ہجری روفی باڑہ مارکیٹ کے قریب پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا، جہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث تھے، ملزمان سپر ہائی وے پر شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور تین موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔