اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے معاملے پرجنوبی افریقہ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفترِ خارجہ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لئے جنوبی افریقہ کی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔
دفترِخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں جنوبی افریقہ میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن سے بات کرلی گئی ہے اور جلد یہ معاملہ جنوبی افریقہ کی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
دوسری جانب بھارت میں ہونے والے حملے پردفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے حملے سے قبل ہی پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا۔
قاضی خلیل نے اس موقع پرہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے دیرینہ موقف دہرایا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی کاروائی کی مذمت کرتا ہے۔