کراچی : بحریہ ٹاؤن نے کراچی کو بجلی کی بلا تعلطل فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کے ساتھ تاریخی معاہدہ کیا ہے،بجلی کی یقینی فراہمی کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ تقسیم کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
بحریہ ٹاؤن نے کراچی کو بلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کیلئے کے الیکٹرک سے مختلف معاہدے کئے ہیں جن کے تحت بحریہ ٹاؤن کے الیکٹرک کے ساتھ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔
گزشتہ روز بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک کے درمیان شراکت کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ، بحریہ ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ کی جانب سے وائس چیف ایگزیکیٹو زین ملک جبکہ کے الیکٹرک اوبراج گروپ کمپنی کی جانب سے چیئرمین طیب ترین نےمعاہدے پر دستحط کئے۔
معاہدے کے تحت بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک آئندہ تین سے چار سال میں اربوں کی سرمایہ کاری سے کوئلے یا ایل این جی سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام کریں گے۔
ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا مل جائیگا ، بجلی کی تقسیم اور اس کا زیاں روکنے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائیگی۔
اس موقع پر چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین ، چیئرمین کے الیکٹرک تابش گوہر اور چیف ایگزیکیٹو بحریہ ٹاؤن احمد علی ریاض ملک بھی موجود تھے۔