کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئے، کہتے ہیں کہ پاکستان میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کو گولی مارلینی چاہئیے۔
وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ،یونس خان میڈیا کے سامنے سینٹرل کانٹریکٹ کو بھی خاطر میں نہ لائے اور بس بولتے ہی چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کرکٹ عزت سے کھیلی ہے اس طرح کی بے عزتی برداشت نہیں کرسکتا ,انہیں خود پر ہنسی آتی ہے۔ اس ملک میں سینئیرز کے ساتھ مذاق ہوتا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ کرکٹ سے بھاگوں گا نہیں اور نہ ہی ریٹائر ہوں گا۔ اگرٹیم میں منتخب نہیں کیا جارہا تو کیا خود کو گولی مارلوں۔
سابق کپتان نے کہا کہ کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں سلیکٹرز کو فون نہیں کرتا، کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں نے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوایا۔ یونس خان نے کہا کہ اگر سلیکٹرزیہ کہتے کہ پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائر ہوجاؤ تو ٹیم کی خاطر ایسا کرلیتا، اگر ورلڈ کپ تک ٹیم بن گئی تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔