آئی جی ایف سی سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جس پر اُن کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا، عدالت نے اُنھیں پندرہ دن لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
آئی جی ایف سی توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے کی، میجر جنرل اعجاز شاہد عدالتی بینچ کے روبرو پیش ہوئے، جسٹس ناصر نے ریمارکس میں کہا کہ آئی جی ایف سی کو توہین عدالت کا نوٹس عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کیا گیا تھا، انہوں نے عدالت میں پیش ہوکر حکم کی تکمیل کر دی ہے، لہذا توہین عدالت کا نوٹس واپس لیا جاتا ہے۔
جسٹس ناصرالملک نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دوہفتے میں عدالت میں جمع کروائے، اس موقع پر آئی جی ایف سی کے وکیل عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ کاؤ خان جس کے بارے الزام تھا کہ اسے چھ ایف سی کے جوانوں نے غائب کیا ہے، کوئٹہ سے برآمد ہوگیا ہے، اس طرح یہ تاثر غلط ہے کہ کاؤ خان ایف سی کی تحویل میں تھا۔
جسٹس اعجاز اختر نے سوال کیا کہ ایف سی کے بارے میں تاثر ہے کہ وہ لوگوں کو غائب کر دیتی ہے، اس حوالے سے آپ نے کیا کاروائی کی ہے، عرفان قادر نے کہا کہ ان تمام باتوں کا جواب میں نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں شامل کر کہ عدالت میں جمع کر دیا ہے، اس کے بعد مقدے کی سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی گئی۔