سڈنی : پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کہنی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ خطرے کی بات نہیں۔ احمد شہزاد بھارت کے خلاف میچ کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم میں کون فٹ ہےاور کون ان فٹ ہے اس حوالے سے سوالات کھڑے ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک کے بعد ایک انجری نے ٹیم مینمجنٹ کی مشکلات بڑھادی ہیں۔
اوپنر محمد حفیظ ان فٹ ہوکر ورلڈ کپ سے باہر ہوئے اور اب احمد شہزاد بھی پریکٹس سیشن میں کہنی پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کی ایکسرے رپورٹ آگئی ہے۔
فریکچر نہیں ہے اور نہ ہی کوئی خطرے کی بات ہے۔ اوپننگ بیٹسمین کی کل ہونے والے پریکٹس سیشن میں شرکت مشکوک ہے۔ مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد بھارت کے خلاف پندرہ فروری کو ہونے والے میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔