اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الطاف حسین کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز بیان پرحکومت کی خاموشی قابل قبول نہیں۔
کپتان ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر خوب گرجے اور برسے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی شہری کی نفرت انگیز تقاریر سے پیمرا قوانین کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں ۔
انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کے بجائے آئی ایس پی آر کو کیوں بیان جاری کرنا پڑا؟ ریاستی اداروں کا دفاع حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے رہے ہیں۔ کپتان نے وزیر اعظم کوبھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے ملک کے بجائے دوسرے ملکوں کی سیکیورٹی پر زیادہ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت راؤ انوار کی پریس کانفرنس پر خاموش کیوں ہےان کے ثبوتوں پر اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔