موسم سرد امریکا اور کینیڈا میں خون جما دینے والی شدید ترین سردی کا راج ہے، یخ بستہ ہواوں نے نیاگرا فال کو بھی جما دیا۔
امریکا اور کینیڈا میں سخت سردی نے کئی عشروں کے ریکارڈ توڑ دیئے، شدید سردی کے باعث جہاں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے، امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستیں بدستور برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔
کئی ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے اور دفاتر بند ہیں۔توانائی کے وسائل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا، خراب موسم کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور ٹرین اور روڈ ٹریفک بھی معطل ہے۔
مسلسل گرتے ہوئے درجہ حرارت نے نیا گرا فال کو بھی منجمد کرکے رکھ دیا ہے، قومی موسمیاتی ادارے کے مطابق نیو یارک کے سینٹرل پارک کا درجہ حرارت گِر کر منفی سولہ درجے سینٹی گریڈ پر آگیا ہے اور بتیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں نے موسم کی شدت میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر کے مزید جاری رہنے کا امکان ہے