کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنماء واسع جلیل نے کہا ہے کہ ہمیں نہیں پتہ کہ اندھیرے میں رینجرز اہلکار کس کو لے گئے اورکس کو چھوڑ کر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وقاص رینجرز کی ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقاص شاہ کے گھر پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
واسع جلیل کاکہنا تھا کہ وقاص شاہ خواتین کی بے عزتی کو روکنا چاہتے تھے، اس دوران رینجرز کی ہوائی فائرنگ سے ایک گولی وقاص شاہ کے سر میں جالگی ، جس کے باعث وہ جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں جرائم پیشہ افراد کیلئے قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے ،واسع جلیل کاکہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس یافتہ تھا جسے وزارت داخلہ نے جاری کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر کو توڑ پھوڑ کرکے کمیونیکیشن کو نقصان پہنچایا گیا ہے،ایم کیو ایم ذمہ دار سیاسی جماعت ہے۔