کراچی : قومی اسمبلی کی حلقہ این اے246کے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل پریذائڈنگ افسران کو کل سے شروع کی جائے گی۔
این اے دو سو چھیالیس کا معرکہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی سے کوئی تبدیلی آئے یا نہ آئے۔ کراچی ضمنی انتخاب ملکی تاریخ میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونے جا رہی ہے۔
این اے دو سو چھیالیس کے دو سو تیس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ بیلٹ پیپرزسمیت تمام انتخابی سازوسامان تیار ہو چکا ہے۔
پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل بدھ سے شروع کی جائے گی۔ آج رات بارہ بجے ضمنی انتخاب کیلئے قواعد کے مطابق انتخابی مہم اختتام پزیر ہوجائے گی، تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہہ دیا ہے کہ تمام امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔ کسی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ انقلابی نوعیت کے اقدامات سے لگ رہا ہے کراچی ضمنی انتخاب میں سلیکشن نہیں الیکشن ہی ہوگا۔ ایک دو روز باقی ہیں، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا؟