لندن: متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ پنجاب اور آزاد کشمیرمیں طوفانی بارشوں ،لینڈسلائیڈنگ سیلاب اورمختلف حادثات کے نتیجے میں درجنوں افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے اورقیمتی املاک کے بھاری نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اتنی بڑی تعداد میں انسانی جانوں اور املاک کا نقصان ایک سانحہ ہے جس پرجس قدرافسوس کیاجائے کم ہے۔ الطاف حسین نے وفاقی حکومت، پنجاب کی صوبائی حکومت اور آزاد کشمیرحکومت سے مطالبہ کیاکہ طوفانی بارشوں،سیلاب اورلینڈسلائیڈنگ سے ہونے والی تباہی سے متاثرہ عوام کی ہنگامی بنیادوں پر مددکی جائے ۔
متاثرہ عوام کی بحالی اورنقصانات کے ازالے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ،سیلاب میں گھرے ہوئے شہریوں کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔
الطاف حسین نے ایم کیوایم اوراس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاوٴنڈیشن کے ذمہ داران سے کہاکہ وہ اپنی بساط کے مطابق بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مدد کریں۔
انہوں نے قدرتی آفات اورحادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیااورمصیبت کی اس گھڑی میں ایم کیوایم ان کے غم میں برابرکی شریک ہے۔