لاہور:بحریہ ٹاؤن کی جانب سے آئی ڈی پیز کیلئے امداد ی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔
بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی اشیاء پر مشتمل سامان کے پانچ ٹرک آئی ڈی پیز کیلئے روانہ کیئے گئے ہیں ،بحریہ ٹاؤن ریلیف آپریشن کے سربراہ برگیڈیئر ریٹائرڈ طاہر بٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی سے این او سی حاصل کرنے کے بعد بحریہ ٹاؤن اپنے ریلیف آپریشن کاآغاز کر رہا ہے جبکہ بحریہ ٹاؤن ریلیف آپریشن کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی تقسیم کے ساتھ ساتھ آئی ڈی پیز کیلئے بحریہ دستر خوان بھی قائم کرے گا۔
بحریہ ٹاؤن کی جانب سے تین موبائل ہسپتال ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے جو آئی ڈی پیز کے کیمپوں میں فرائض سرانجام دیں گی۔ امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ آخری متاثرہ شخص کی اپنے گھر واپسی تک ریلیف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔