بھارت نے دنیائے کرکٹ کو تقسیم کرنے کی گنھاؤنی سازش تیار کرلی۔ کرکٹ کے انتظامی امور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک محدود رکھنے کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ پاکستان سمیت ممبر ممالک میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔
آئی سی سی میں اپنی اجارہ داری کو مضبوط کرنے کے لئے بھارت نے نئی سازش تیارکی ہے ۔ بھارت کی اس گنھاؤنی سازش میں انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں،رپورٹ کے مطابق مستقبل میں کرکٹ کے انتظامی امور بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک ہی محدود ہوجائیں گے۔
اس رپورٹ سے پاکستان سمیت آئی سی سی کے ممبر ممالک میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ رپورٹ میں دی جانے والی تجویز میں آئی سی سی کا چئیرمین، چیف ایگزیکٹو اور مالی امور کا سربراہ ان ہی تین ممالک سے ہوگا۔
دوہزار سترہ اور دوہزار اکیس میں ٹیسٹ چیمپئین شپ کی جگہ چیمپئینز ٹرافی کا انعقاد مجوزے میں شامل ہے۔ ان تجاویز پر اٹھائیس اور انتیس جنوری کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کی سالانہ بورڈ میٹنگ میں غور کیا جائے گا۔ تجویز منظور ہوگئی تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی مشکل ہوجائے گی۔