مٹھی: سول اسپتال میں غذائی قلت کے باعث تین دن کا بچہ دم توڑ گیا اورہلاکتوں کی تعداد تینتیس ہوگئی۔
سندھ کی صوبائی حکومت کےاعلانات اوراحکامات کے باوجود غذائی قلت کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے مٹھی کےسول اسپتال میں مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کو لایا جارہا ہے۔
تھرپارکرمیں خشک سالی انتہائی سطح تک پہنچ چکی ہے اورصحرائے تھرمیں موت کے سائے منڈلارہے ہیں ماؤں کی گودیں اجڑ رہی ہیں۔
مٹھی سول اسپتال میں چھیالیس بچے زیرعلاج ہیں جن میں سے تین بچوں کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے جو وعدے تھر پارکر کے عوام سے کئے تھے وہ سب خام خیالی ثابت ہوئےتھرواسیوں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہ آسکی مٹھی کے اسپتال میں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے۔
مٹھی میں ہرگزرتا دن کسی معصوم کی دنیا سے رخصتی کے بعد اختتام پذیرہوتا ہے۔