دبئی ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ سولہ جنوری کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ کھیل کے فیصلہ کن روز سب کی نگاہیں پاکستانی وکٹ کیپر سرفرازاحمد پرمرکوز تھیں جو سنھبل کر کھیل رہے تھے۔
مگر وہ اسکور میں مزید چار رنز کا اضافہ کرکے چوہتر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر کے آؤٹ ہوتے ہی دیگر کھلاڑیوں کی ہمت ٹوٹ گئی اور ٹیم تین سو انسٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سرفرازاحمد کے ساتھ مصباح الحق ستانوے،یونس خان ستتر رنز بناکر نمایاں رہے۔
سورنگا لکمل نے چار وکٹیں حاصل کی۔ سری لنکا کو جیت کیلئے ایک سو سینتس رنز کا ہدف ملا۔ جو اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا گیا۔ کوشل سلوا نے اٹھاون رنز بنائے۔ کورونارتنے نے باسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ آپریشنز طارق وصی نے سری لنکن بیٹسمین کوشل سلوا کو آروائی گولڈ بار پیش کیا ۔ سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ آخری معرکہ سولہ جنوری سے شارجہ میں شروع ہوگا۔