سندھ بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف ایم کیوایم سراپا احتجاج ہے تو دوسری جانب وفاق میں حکمران جماعت ن لیگ کے بعد جماعت اسلامی نے بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ تحفظات کے باوجودالیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامی امورشیڈول کے مطابق جاری ہیں۔
حکومت سندھ کے بلدیاتی آرڈیننس نے صوبے کی دیرینہ مخالف سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لاکھڑاکیاہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے بعد جماعت اسلامی نے بھی سندھ حکومت کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کے مسودے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے دائر درخواست مین موقف اختیارکیا گیاہے کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے ۔آئین اور قانون کے ماورا اس بل پر فاضل عدالت نوٹس لے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ان کی جماعت بھرپور حصہ لے گی۔ سیاسی جماعتوں کے تمام تر تحفظات اور مطالبوں کے باوجود صوبے میں بلدیاتی انتخاب کےلئے انتظامی مراحل شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا طریقے کار جاری کردیا۔ جبکہ گیارہ لاکھ کاغذات نامزدگی سندھ بھر کے متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو فراہم کردیئے گئے ہیں۔