کراچی : وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیوایم سے مذاکرات موخر کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی بات کرنے والے آصف علی زرداری نے کچھ روز پہلے ہی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس میں ایم کیوایم کی حکومت میں شمولیت اور مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تھی ۔
اس اجلاس سے باخبر حلقوں سے سُن گُن ملی تھی کہ پیپلز پارٹی کے کئی ارکان ایم کیوایم کو ساتھ ملانے کے حامی نہیں تھے لیکن سابق صدر زرداری نے کسی کی نہ سنی اور ایم کیوایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے پراڑے رہے۔
مگر نائن زیرو پر چھاپے اور صولت مرزا کے انکشافات کے بعد پیپلز پارٹی نے یکدم ہی پلٹا کھایا اب وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک ایم کیوایم سے مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے، حالات بہتر ہونے تک انتظار کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ وزیر اعلیٰ نے ایم کیوایم سے مذاکرات کے حوالے سے بیان دے کر متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت کو کیا پیغام دیا ہے۔ سمجھنے اور سمجھانے کیلئے بہت ہے۔