سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے اسلام آباد میں رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ کی درخواست دی ہے ۔ انہوں نے دوہزار نو میں حکومت کی جانب سے پلاٹ کی آفر مسترد کردی تھی۔
انگریزی اخبار کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین نے اٹھائیس نومبر کو ڈائریکٹر جنرل آف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاوسنگ فاؤنڈیشن کو ایک خط لکھا جس میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو رہائشی پلاٹ الاٹ کرنے کی درخواست کی گئی ۔
خط میں کہا گیا کہ چیف جسٹس ایک رہائشی پلاٹ حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔ رجسٹرار نے سابق چیف جسٹس کو چھ سو گز کا پلاٹ آئی ایٹ ٹو سیکٹر میں دینے کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب حکومت نے سابق چیف جسٹس کو سیکٹر ڈی ٹوئیلو میں پلاٹ دینے کی پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کا مسترد کردہ پلاٹ کسی اور درخواست گزار کو دے دیا گیا ہے۔