لاہور : دورہ بنگلہ دیش کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے لاہور میں لگے گا۔ باہمی سیریز کے شیڈول کا بھی باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔
دورہ بنگلہ دیش کے لئے کھلاڑیوں کی کل سے دوڑیں لگیں گی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہیڈ کوچ وقار یونس کی نگرانی کھلاڑی پریکٹس کریں گے۔
پلئیرز کی فٹنس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ صبح اور شام کے سیشنز میں ٹریننگ ہوگی۔ جس کے لئے پانچ پچز پہلے ہی تیار کرلی گئی ہیں۔
کھلاڑی آج ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ کو رپورٹ کریں گے۔ باقاعدہ کیمپ منگل سے شروع ہوگا۔ ٹیم تیرہ اپریل کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگی۔
یہ دوہزار گیارہ کے بعد گرین شرٹس کا پہلا دورہ بنگلہ دیش ہوگا۔ سیریز تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے سترہ اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز اٹھائیس اپریل سے ہوگا۔