ممبئی: دپیکا پڈوکون سلمان خان کیساتھ پہلی بار سینما سکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہے، دپیکا کا کہنا تھا کہ سلمان کیساتھ کام کرنا میری ہمیشہ سے خواہش تھی جوکہ پوری ہونے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ حسینہ دپیکا پڈوکون کا ستارہ آج کل عروج پر ہے، ان کی تقریباً ہر فلم ہی 100 کروڑ کلب کا حصہ بن رہی ہے، اب وہ یشراج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی نئی فلم میں سلمان خان کیساتھ رومانس کریں گی، دپیکا پڈوکون کی عرصہ سے خواہش تھی کہ وہ سلمان خان کیساتھ کام کریں مگر انھیں موقع نہیں مل رہا تھا مگر اب توقع کی جا رہی ہے کہ فلم بین دونوں کو پہلی مرتبہ ایک ساتھ کسی فلم میں کام کرتے دیکھ سکیں گے –
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم کی ہدایات ”غنڈے” کے ہدایتکار علی عباس ظفر دیں گے۔ دونوں اداکاروں نے فلم میں کام کرنے کی حامی بھر لی ہے، تاہم ابھی انھوں نے باقاعدہ طور پر فلم کو سائین نہیں کیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرحلہ کو جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔
دپیکا پڈوکون ماضی میں سلمان خان کیساتھ کام کرنے سے انکار کر چکی ہیں اور اس سلسلہ میں انھوں نے کہا ہے کہ سلمان خان کی طرف سے مجھے فلم کی پیشکش کرنا میرے لئے بہت بڑی بات ہے مگر جب انھوں نے مجھے پہلی مرتبہ کام کرنے کی آفر کی تو میری سوچ تھی کہ میں ابھی چھوٹی اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں ہوں، مگر اب ہمیں ایک عرصے بعد پہلی مرتبہ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے تو میں سوچتی ہوں کہ اس میں کچھ خاص ہو گا۔
اداکارہ نے کہا کہ میری ہمیشہ سے ان کیساتھ کام کرنے کی خواہش تھی اور ایسا لگتا ہے کہ یہ اب پوری ہونے جا رہی ہے اور شائقین ہمیں ایک ساتھ سینما اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔