اسلام آباد + کراچی : سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں سال نو کا استقبال سوگ اور خوف کے سائے میں کیا جائے گا،اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی جبکہ کراچی میں نیو ایئر نائٹ تقریبات پر پابندی اور ساحل کو جانے والے راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔
دو ہزار چودہ کا اختتام پاکستان کیلئے اچھا ثابت نہ ہوا ۔ ملک دشمنوں نے پشاور میں سو سے زائد معصوم بچوں کو شہید کر کےنئے سال کی آمد کو سوگوار کردیا۔
ملک بھر میں جہاں نئے سال کا استقبال سادگی سے کیا جائے گا وہیں سیکیورٹی خدشات کے باعث ملک بھر میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی۔بغیر سائلینسرموٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد ہوگی۔کراچی میں نیو ایئر تقریبات پر پابندی جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو جیل بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بھی ایک روز کیلئے بند کر دی گئی۔ساحل کی طرف جانے والےتمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے گئے ہیں۔
جبکہ نیو ایئرنائٹ پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے سات ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ملتان میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔