لاہور: عدالتی حکم کے باوجود فیصل ٹائون پولیس نوازشریف اور شہباز شریف سمیت اکیس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں لیت لعل سے کام لینے لگی۔ فیصل ٹائون پولیس نے سیشن کورٹ کے حکم کے باوجود اب تک مقدمہ درج نہیں کیا ، فیصل ٹائون پولیس کا کہنا ہے کہ نہ تو مقدمہ درج کرنے کیلئے عدالتی احکامات موصول ہوئے نہ کسی مدعی نے تھانے کا رخ کیا۔مقدمہ عدالتی احکاما ت ملنے بعد ہی درج کیا جا سکتا ہے ۔
گزشتہ روز سیشن کورٹ نے وزیراعظم۔ وزیراعلیٰ پنجاب اورآٹھ وزرا سمیت اکیس افراد کے خلاف ماڈل ٹاون فائرنگ کامقدمہ درج کرنے کا حکم ایڈیشنل سیشن جج راجہ اجمل نے ادارہ منہاج القرآن کی درخواست پر دیا تھا ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاتھا کہ وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب ، پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق ، رانا ثنااللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ اور چوہدری نثار سمیت اکیس شخصیات پر سانحہ ماڈل ٹاون کی براہ راست ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
استغاثہ اور صفائی کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پولیس کو منہاج القرآن کا موقف ریکارڈ کرنےاورقانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا ۔