کراچی :اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب اور سینئر سیاستدان عبداللہ حسین ہارون نے عیدالفطر کے موقع پر سی ویو کے ساحل میں ڈوبنے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ساحل سمندر میں شہریوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
اپنے جاری بیان میں عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کے باوجود سندھ حکومت کی شہری انتظامیہ حفاظتی اقدامات کرنے سے گریزاں ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ ماضی میں تفریحی مقامات بالخصوص ساحل سمندر پر حفاظتی اقدامات کے تحت دفعہ 144 لگائی جاتی تھی ۔لیکن اس مرتبہ عیدالفطر پر ساحل سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی نہ ہونے کے برابر تھی اور نہ ہی اس پر عمل درآمد کرانے کے لئے عوام کو صحیح طریقے سے آگاہ کیا گیا۔
عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کے باعث ان کی بنائی ہوئی شہری حکومت نے اپنا کام ہی نہیں کیا اور ان کے حفاظتی انتظامات میں لاپرواہی کی وجہ سے معصوم عوام میں سے لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔