کراچی: سندھ میں آج سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منایا جارہا ہے۔ یہ دن منانے کی روایت نے سندھ کی دم توڑتی ثقافت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ سندھ کی سرزمین ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔
سندھی ثقافت کی ایک خوبصورت پہچان سندھی ٹوپی اوراجرک بھی ہے۔ یہاں کے رہنے والے مہمانوں کوسندھی ٹوپی اوراجرک تحفتاً دے کراپنی محبت کااظہارکرتے ہیں۔
+سندھ کی تہذیب وثقافت کوزندہ رکھنے کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے حکومتِ سندھ نے سات دسمبرکو ہرسال سندھی ٹوپی اوراجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیاہے۔
یہ دن نہ صرف سندھ کے گاؤں دیہات اورشہری علاقوں میں بلکہ کراچی میں بھی بہت جوش وخروش سے منایا جاتا ہے، جگہ جگہ اسٹالزلگائے جاتے ہیں،اسکولوں کالجوں میں تقریبات ہوتی ہیں۔ اوراس دن کی مناسبت سے لوگ سندھی ٹوپی اوراجرک پہنتے ہیں۔
یہ دن منانے سے نہ صرف سندھ کی ثقافت دنیا بھرمیں مقبول ہورہی ہے وہیں سندھی ٹوپی اوراجرک بنانے والے مزدوروں اورکاریگروں کے گھروں کے چولہے بھی دوبارہ سے جل اٹھے ہیں۔