کراچی :سندھ ہائی کورٹ نے دوران ڈیوٹی لاپتہ ہونے والے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسر کی بازیابی تک خاندان کو ماہانہ پچیس ہزار روپے وظیفہ اور بیٹی کو واٹر بورڈ میں ملازمت دینے کا حکم دیدیا۔ سب انسپکٹر عبدالرحیم جولائی دو ہزار دس میں دوران ڈیوٹی لاپتہ ہوگئے تھے۔
بیوی شمیم اختر کی آئینی درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے۔ سماعت کے دوران لاپتہ افسر کی اہلیہ شمیم اختر نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ شوہر کا پتہ نہیں چل رہا گھر چلانے والا بھی کوئی نہیں زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔
جس پر عدالت نے حکم دیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ دوران ڈیوٹی لاپتہ ہونے والے اپنے افسر کی بازیابی تک اس کےخاندان کوماہانہ پچیس ہزارروپےوظیفہ اور بیٹی کو واٹر بورڈ میں ملازمت دے۔ اس موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے حکم کی تعمیل ہو گی۔ واٹر بورڈ کو کوئی اعتراض نہیں۔