شارجہ ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستان نے انیس رنز کے اسکور پراپنی بیٹنگ کا آغاز کردیا، آخری اطلاعات تک پاکستانی شاہینوں نے بغیر کسی نقصان کے پینتیس رنز بنا لئے تھے۔
گزشتہ روز سری لنکن ٹیم نے بھرپور انداز سے بیٹنگ کرنے کے بعد پہلی اننگز چار سو اٹھائیس رنز نو وکٹ پر ڈکلیئرڈ کردی تھی۔ شارجہ ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل سری لنکا نے پانچ وکٹ پر دو سو بیس رنز سے دوبارہ شروع کیا۔
پہلے سیشن میں پاکستان کو پراسانا جے وردھنے کی وکٹ ملی جو پینتیس رنز بناسکے۔ دوسرے سیشن میں بھی پاکستانی بولرز سری لنکا کے کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ نو وکٹ کے نقصان پر سری لنکن اننگز چار سو اٹھائیس رنز پر ڈکلیئرڈ کردی گئی۔
ڈیبیو میچ کھیلنے والے پریرا پچانوے،اینجلو میتھیوز اکیانوے رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے انیس رنز بنالیے۔ سری لنکا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کیلئے مزید چار سو نو رنز درکار ہیں۔