صحرا میں بلے بازوں نے رنز کے دریا بہادیئے۔ پہلے پاکستان اور پھر سری لنکن بیٹسمینوں نے بولرز پر خوب لاٹھی چارج کیا۔ پاکستان کے شرجیل خان ڈیبیو پر نصف سینچری بنانے والے آٹھویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ شارجہ کا میدان بولرز کا امتحان بن گیا،چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوئی۔
بولرز پرلاٹھی چارج کی ابتدا کی شرجیل خان نے اور ڈیبیو میں ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواڈالا۔ شرجیل خان پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پرنصف سینچری بنانے والے آٹھویں کھلاڑی بن گئے۔ شرجیل کے بعد حفیظ، صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے بھی لنکن بولرز کی جم کر دھلائی کرڈالی۔
پاکستان نے بنائے تین سو بائیس رنز جو شارجہ میں قومی ٹیم کا تیسرا بڑا اسکور ہے۔ پاکستانی ٹیم شارجہ کے میدان میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم بھی بن گئی۔ لنکن بیٹسمینوں نے حساب چکانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی ،پاکستان کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے سری لنکن بیٹسمنوں نے ہتھیار نہیں ڈالے۔
ایک موقع پر مہمان بلے بازوں کے آگے پاکستانی بولرز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تھے انچاسویں اوور میں میچ پاکستان کے ہاتھ میں آگیا اور سیریز میں گرین شرٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔