گوجرانوالہ : گلو بٹ، بلو بٹ، پومی بٹ کے بعد اب ایک اور بٹ۔ گوجرانولہ میں عامر بٹ نامی شخص کے گھر سے انڈے اور درجنوں ٹماٹر بر آمد کر لیے گئے جسے وہ عمران خان کی آمد پر برسانے کا ارادہ رکھتا تھا۔
تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان آج گوجرانوالہ میں تبدیلی کا عزم لیے کارکنوں سے مخاطب ہوں گے تاہم انہیں محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ انکا سامنا ن لیگ سے تعلق رکھنے والے عامر بٹ اور دیگر لیگی کارکنوں سے ہو سکتا ہے جو تحریک انصاف کے کارکنوں کی آڑ میں ان پر گندے انڈے اور ٹماٹر پھینک کر ان کا استقبال کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
عامر بٹ کے گھر سے گندے انڈے اور درجنوں ٹماٹر بر آمد کر لیے گئے ہیں۔ ان انڈوں پر رو عمران رو کے نعرے لکھے گئے ہیں جبکہ گلے سڑے ٹماٹروں کی بڑی مقدار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف عمران خان کی آمد پر انڈے اور ٹماٹروں کی بارش کے منصوبے کے انکشاف کے بعد پولیس اور تحریک انصاف کے سیکیورٹی پر مامور کارکنوں نے جلسہ گاہ میں آنے والے لوگوں کی تلاشی کا عمل سخت کر دیا ہے۔